لاہور(لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے تین سالہ دور کا تو حساب مانگا جاتا ہے لیکن کئی دہائیاں حکومتیں کرنے والے اپنے احتساب کیلئے تیار نہیں ،
ماضی میں سندھ کو وفاق سے اربوں ،کھربوں کے فنڈز ملے لیکن پیپلز پارٹی نے انہیں عوام کی خوشحالی کیلئے خرچ کرنے کی بجائے بیرون ممالک جائیدادوں کی خریداری سے اپنی خوشحالی کا سامان کیا گیا ،کراچی معیشت کا حب ہے اور انشا اللہ ہم کراچی کی تقدیر بدلیں گے۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی آنکھوں میں جو خواب سجائے بیٹھی ہیں وہ پہلے کی طرح چکنا چور ہوں گے اور انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ۔
مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کو صرف جھوٹا پراپیگنڈا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور جس روز ان کارکردگی مثالی نہ ہو انہیں ڈانٹ بھی سننا پڑتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو 13واں سال ہے اور تحریک انصاف کی پنجاب میں پہلی حکومت اور تیسرا سال ہے لیکن اس کے باوجود سندھ کا کارکردگی میں پنجاب سے کوئی موازنہ نہیں ، سندھ حکومت کی ساری توجہ لوٹ مار جبکہ پنجاب حکومت گورننس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ،
انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے اور مسائل زدہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کو جتنے فنڈز ملے ہیں موجودہ حکومت اس سے 32فیصد زیادہ دے رہی ہے کیونکہ کراچی معیشت کا حب ہے اور ہم اس کی تقدیر بدلیں گے ،
وفاقی حکومت آئندہ دو سال اسی پر توجہ مرکوز کرے گی۔