لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے آج جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔
پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان اور سینئرپروفیسرزبھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے جوہرٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو جوہرٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کو مہیاکی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ جناح ہسپتال میں جوہرٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔پرنسپل عارف تجمل اور ایم ایس ڈاکٹریحییٰ سلطان زخمیوں کے علاج کی خود نگرانی کررہے ہیں۔
سینئرپروفیسرزکی مشترکہ ٹیم کی نگرانی میں بم دھماکے کے زخمیوں کا علاج جاری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ دہشتگردپاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔صوبائی وزیر نے جوہرٹاؤن میں بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی گئی ہے۔جناح ہسپتال میں زخمیوں کی فہرست جلد آویزاں کردی جائے گی۔