مجید غوری

ٹیکس لگانا ہے تو امیروں پر لگاو غریبوں کاخون تو نا نچوڑیں، مجید غوری

لاہور(لاہورنامہ) عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ عمران خان اگلے دس سال بھی حکومت کرے لیکن مہنگائی کم کرے۔ٹیکس لگانے کی ضرورت ہے تو امیروں پر لگائے غریبوں کاخون تو نا نچوڑیں۔

بجٹ میں کہا ٹیکس فری ہے لیکن اگلے دن ہی پٹرول مہنگا، گیس مہنگی، ایل پی جی مہنگی اور تو اور آٹا مہنگا کردیا گیاہے۔ہمارا ملک اس وقت پوری دنیا کا مقروض ہے۔تو حکمران کیوں خرچے کم نہیں کرتے۔

جبک تک ملک کا قرض نہیں اترتاپورے ملک کے سرکاروں دفتروں اور اداروں میں ایئر کنڈیشنڈ بند کر دیئے جائیں۔بڑے افسران کو تنخواہیں ایک مزدور کی تنخواہ سے دگنی دی جائیں۔اس سے زیادہ نہیں۔سرکاری عمارتوں کی تعزین و آرائش پر پابندی لگائی جائے۔ملک کی خدمت کے لئے اسمبلیوں میں جانے والے ممبران اسمبلی کی رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہیں اور مراعات لینا بند کردیں اورجس جس نے ملک لوٹا ہے۔

یا قرض لے کر معاف کروایا ہے۔ ان لوگوں سے پورا پیسہ واپس نکلوایا جائے۔تو ملک کا ناصرف قرضہ اتر جائے گا بلکہ اپنے پیروں پر بھی کھڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ ملک میں سبزیاں مہنگی، ادویات کئی گنا مہنگی،ملاوٹ، ذخیروہ اندوزی، پرچی مافیا کی بھتہ خوری، گراں فروشوں کی بدمعاشیاں، ٹریفک پولیس کے چالان، ایل ٹی سی کے چالان،سپیئر پارٹس مہنگا،ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے آئے روز رکشے خراب ہوجاتے ہیں۔

مہنگائی میں تو اضافہ ہورہا ہے لیکن دیہاڑی دار مزدور کی مزدوری میں اضافہ نہیں ہورہا۔رکشہ ڈرائیوروں کی اکثریت کرائے کے مکانوں میں رہتی ہے۔کرائے پر رکشے لے کر چلاتی۔معمولی سے مزدوری میں ہم کس کس کو پیسہ دیں،بجلی، گیس،پانی کے بل، بچوں کی کتابیں،یونیفارم، سکولوں کی فیسیں کہا ں سے دیں۔دنیا کا سپرسٹار ماہر معاشیات بلالیں وہ رکشہ ڈرائیور کے گھر کا بجٹ تو بنا کے دکھائے۔