لاہور(لاہورنامہ) روڑ سیفٹی کے پیغامات کو جدید اور موثر طریقے سے عوام تک پہنچانے کے لئے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ اور ٹوٹل پارکو پاکستان کے درمیان معائدے کے تحت قائم ہونے والے ورچوئل ٹریننگ سنٹر نے روڑ سیفٹی کے حوالے سے پہلی وڈیو جاری کر دی۔
جاری کی جانے والے وڈیو میں دُوران ڈرائیونگ بلائنڈ سپوٹ کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ بلائنڈ سپوٹ سے متعلق وڈیو کی افتتاحی تقریب میں کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبو ب اسلم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس کے علاوہ ٹوٹل پارکوپاکستان کے سی ای او محمت سیلیپوگلو، ٹوٹل پارکو کی سینیئر مینجمنٹ اور موٹروے پولیس کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں موٹروے پولیس اور ٹوٹل پارکو میں ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کی رُو سے ٹوٹل پارکو موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر روڑ سیفٹی پر تربیتی وڈیوز بنائے گی کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ ٹوٹل پارکو کے اشتراک سے بنائی جانے والی ان وڈیوز میں بلاینڈ سپوٹس، موٹرسائیکل سواروں کی سیفٹی، دورانِ سفر نیند آنے، ڈرائیونگ سے توجہ ہٹانے والے عوامل، محفوظ فاصلے، خراب موسم میں ڈرائیونگ، محتاط ڈرائیونگ اور روڑ سیفٹی کے دیگر اہم اُصولوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ان وڈیوز کو عام عوام کے علاوہ مختلف ایسے نجی اداروں کو بھجوانے اور وہاں پر موجود ڈرائیورز کی تربیت میں استمعال کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جن میں وسیع تعداد میں ڈرائیورز موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کیلئے بھی روڑ سیفٹی پر مبنی مختلف وڈیو گیمز بھی بنائی جائیں گی تا کہ مستقبل کے ان ڈرائیورز کو کھیل کھیل میں روڑ سیفٹی کے اُصولوں سے آگا ہ کیا جائے۔
ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ روڑ سیفٹی پر کام کرنا اس ادارے کا بُنیادی مقصد ہے اوروہ اسے انسانیت کی بہترین خدمت تصور کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹوٹل پارکو جیسے اداروں کے تعاون سے ہی ہم اپنے عوامی خدمت کے معیار مزید بُلند کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلائنڈ سپوٹ پر بننے والی وڈیو عوامی آگاہی کے لئے بہت اہم ہے اور بہت جلد دوسرے اہم اُصولوں پر بھی معلوماتی وڈیوز بنائی جائیں گی تا کہ عوام میں روڑ سیفٹی کا شُعور اُجاگر کیا جا سکے۔