شاہ محمود قریشی

بلاول بھٹو زرداری ‘ بھٹو’ نہیں زرداری ہیں، جب آئینہ دیا تو حملے پر اتر آئے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(لاہورنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘ بھٹو’ نہیں زرداری ہیں، جب آئینہ دیا تو حملے پر اتر آئے ،

بلاول شو بوائے ہے پیپلزپارٹی کو کنٹرول آصف زرداری کرتے ہیں،بھارت میں امن چاہتے ہیں ، کشمیر سے آنکھ نہیں چراسکتے ،بھارت کشمیر میں حالات معمول پر لاتا ہے تو ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں ،افغانستان میں قیام امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان میں اظہار خیال اور مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز حکومتی پالیسی واضح کردی کہ ہم بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں مگر کشمیر سے آنکھ نہیں چراسکتے، 5 اگست 2019 کے بعد کشمیریوں کو جس طرح جبرو تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ سب کے سامنے ہے،

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پیلٹ گنز کے استعمال پر اعتراضات اٹھا دیے ہیں ، وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ہندوستان، مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر لاتا ہے تو ہم ان کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی،

آج افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کا مقصد ایک ہے، آج امریکا بھی قائل ہوگیا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل فوجی نہیں ہے جو ہم کہہ رہے تھے آج دنیا ہمارے موقف کو تسلیم کر رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے سیاست میں آنے اور اپنی پارٹی بنانے کا فلسفہ ایوان کے سامنے رکھا،

انہوں نے وزیراعظم نے ان مشکلات کا بھی ذکر کیا جو حکومت سنبھالتے وقت تھیں، انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم نے مشکل فیصلے کیے، جس سے غریب طبقے پر بوجھ پڑا تاہم ہم نے معیشت کو سہارا دیا اور اب ہم اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں،

معاشی ترقی سے ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم نے ریکارڈ ترسیل زر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا، آج ترسیل زر کی شرح ملکی برامدات کی شرح سے تجاوز کر گئی ہے،