اسلام آ باد (لاہورنامہ) فیڈرل بور ڈ آ ف ریونیو( ایف بی آ ر) نے ٹیکس سال 2021 کے لئے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے فارم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس سال 2021 کے لئے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے فارم اپلوڈ کر دیئے ہیں۔تنخواہ داروں، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کاروبار ی حضرات کے لئے الگ فارمز اپلوڈ کئے گئے ہیں۔
ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کی آن لائن ویب پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے داخل کئے جا سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس گزارانکم ٹیکس گوشوارے آن لائن راہنمائی کے ساتھ باآسانی داخل کر سکتے ہیں۔
انکم ٹیکس گوشوارے سمارٹ فون کے ذریعے داخل کئے جا سکتے ہیں۔ٹیکس آسان ایپ گوگل سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے پر ٹیکس گزاروں کی راہنمائی کے لئے اشتہاری مہم بھی کی جائے گی۔ ٹیکس گزار 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔