قتل

لاہور، بہن اور بھانجی کو قتل کرنے والا خود بھی مارا گیا

لاہور:لاہور میں جائیداد کا تنازع ماں بیٹی کی جان لے گیا، سفاک بھائی نے فائرنگ کرکے بہن اور بھانجی کو قتل کردیا۔پولیس کے ساتھ مقابلے میں ملزم خود بھی مارا گیا ۔
لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں دہرے قتل کی افسوسناک واردات ہوئی جہاں مقصود نامی شخص نے میکے آنے والی بہن اور اس کے بچوں پر گولیاں برسادیں ۔فائرنگ کی زد میں آکر نسرین اور اس کی بیٹی بسمہ جاں بحق جبکہ مقتولہ کا بیٹا احمد اور ملزم کی دوسری بہن زخمی ہوگئے۔

واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔ایس پی انویسٹی گیشن شاہنواز چاچڑ نے بتایا کہ مقتولہ نے جائیداد خریدی تھی اور ملزم چاہتا تھا کہ وہ جائیداد اس کے نام کر دی جائے۔ اسی حوالے سے دونوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔واقعے کا علم ہونے پر پولیس ملزم مقصود کی گرفتاری کے لئے گئی تواس نے فائرنگ کردی جس سے ایس ایچ او عتیق ڈوگر اور2 اہل کار زخمی ہوگئے پولیس کی جوابی فائرنگ سے مقصود بھی ہلاک ہوگیا۔