شہباز شریف

اشیاضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ جبکہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی نا قابل قبول ہے، شہباز شریف

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریبوں اور عوام کے استعمال کی اشیاضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے .

مالی سال کے اختتام پر ایک سال میں ہونے والی مہنگائی غریب عوام کے لئے قیامت صغری سے کم نہیں عام استعمال کی ضروری اشیاکی قیمتوں میں جون 2020کے مقابلے میں جون 2021میں 15.37فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا در حقیقت یہ موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بے حسی کے خلاف فردِ جرم ہے،

شہباز شریف نے کہا کہ بدترین امر یہ ہے کہ قیمتوں کے احساس اشاریے میں 20فیصد غریب ترین پاکستانیوں کے لئے مہنگائی میں 17.58فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہواجس کا مطلب ہے کہ جو شخص جتنا غریب ہے، وہ اتنا ہی زیادہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے .

بلاشبہ موجودہ حکومت کے اقدامات غریبوں کی غربت بڑھانے اور ملکی ترقی کی الٹی گنتی کا باعث ہیں . موجودہ حکومت پراپرٹی اور سٹاک مارکیٹ کے طاقتور اور امیر طبقات کے لئے خوشی خوشی ٹیکس ایمنسٹی سکیم لاتی ہے لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے،

عام استعمال کی اشیاضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں کسی حکومت کی اس سے بڑی معاشی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے کہ وہ مہنگائی قابو نہ کرسکے ،مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے ساتھ بے روزگاری کا سمندر ہے، آمدن اور روزگار میں کمی ہوچکی ہے حکومت نے ان سنگین مسائل کے حل کے بجائے اس پر آنکھیں بند کررکھی ہیں،

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی موجودہ حکومت نے آٹے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا، حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہوجائیں۔