امتحانات کا آغاز

پنجاب بھر میں انٹر ، میٹرک کے امتحانات کا آغاز ، چیئرمین لاہور بورڈ

لاہور(لاہورنامہ) صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انٹر اور میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا، لاہور میں امیدواروں کیلئے 462 امتحانی مراکز قائم کئے گئے جبکہ سینٹرز کے باہر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے،

چیئرمین لاہور بورڈ نے کہا کہ امتحانات کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں، بوٹی مافیا اور بیرونی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے لیے دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا، دوران امتحانی اوقات لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی لیسکو چیف کو درخواست کی گئی ہے،

تمام موبائل انسپکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے طلبا و طالبات کے لیے حاصل پور، چشتیاں، رحیم یار خاں، حرنولی پور، ڈی جی خان، فاضل پور اور لاہور جند میں ایک ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا،

ضلع قصور میں لڑکیوں کے لیے 37، لڑکوں کے لئے 32، ضلع شیخوپورہ میں لڑکیوں کے 33اور لڑکوں کے 25سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی میٹرک اور انٹر کے امتحانات شروع ہوگئے، صوبہ بھر کے تمام 8بورڈز کے 14لاکھ 15 ہزار 360امیدوارامتحانات میں شرکت کریں گے،

ہفتہ کو میٹرک کاپہلا پرچہ لیا گیا، کورونا وائرس کے باعث امتحانات کو صرف اختیاری مضامین تک محدود کر دیا گیا ہے، میٹرک کے چار اور انٹر کے تین مضامین میں امتحان لیا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانی ہالوں میں نقل کی روک تھام کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں،

صوبے میں 2ہزار جبکہ پشاور میں تقریبا 960ہالز میں امتحان لیا جائے گا ،جبکہ امتحانی عملے کی ڈیوٹی کورونا ویکسینشن سے مشروط کر دی گئی، ہالز میں موبائل فون اور دیگر برقی آلات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔