موسلا دھار بارشوں

ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے جھل تھل ،بجلی کا نظام معطل

لاہور( لاہورنامہ) پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے جھل تھل ایک ہو گیا ،بارش سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام معطل رہا ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح کے وقت سیاہ بادلوں کے آنے سے اندھیرا چھا گیا ، اندھیرے کے باعث شہریوں کو گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی لائٹس آن کر کے سفر کرنا پڑا۔ بعد ازاں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ۔

بارش کی وجہ سے ٹریفک کے بہائو میں بھی تعطل رہا ۔ موسلا دھار بارش سے کئی فیڈ ر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی، گوجرانوالہ، مریدکے، ڈسکہ، پنڈ دادن خان، کالا باغ میں بھی ابر رحمت برسا۔

سیالکوٹ میں تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ایبٹ آباد، گلیات اور مانسہرہ میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد مقامات پر بھی بادل خوب برسے۔ تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔سندھ میں بھی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا۔کراچی ،تھرپارکر، ٹنڈوالہ یار، حیدر آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی۔