اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف تنہا حکومت بنائے گی. پیپلز پارٹی نے بڑا پیسہ خرچ کر کے دو تین سیٹوں کا اضافہ کیا ،اگلے الیکشن میں سندھ بھی حکومت بنائیں گے.
2023میں بھی دھاندلی کا رونا روئیں گے ،نوازشریف کا ” اینٹی آرمی اوراینٹی عمران ”ایجنڈا ہے ، کسی انتہا تک جانے کو تیارہے ،جس فوج نے اسے اپنی نرسری سے نکالا،اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے ،ساری زندگی لگا رہے اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکیں گے،قانونی اور عدالتی معاملات کا کچھ نہیں کہہ سکتا، نواز شریف پاکستان آنا چاہیں تو چارٹرڈ جہاز دے سکتے ہیں ، ویزہ کے بغیر رہائش پذیر غیر ملکی چودہ اگست تک تجدید کرالیں ۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ کشمیر بارے جو کہا وہ درست تھا ،لال حویلی کے موکل کا تجزیہ درست ہوتا ہے ،پی پی نے دو تین سیٹوں کا اضافی کیا اور اس کیلئے بڑا پیسہ خرچ کیا ۔
انہوں نے کہاکہ اضافی سیٹیں پی ٹی آئی کے ساتھ جائیں گی اور تحریک انصاف آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ پوری کوشش ہو گی اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی حکومت بنائے ۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں رینجرز کا کہیں استعمال نہیں کیا،پولیس نے پنجاب میں زبردست کام کیا ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کا ایک ہی ایجنڈہ ہے،اینٹی آرمی اور اینٹی عمران خان ہے ،کسی انتہا تک جانے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حمداللہ محب کو ملنے دفاع کرتے ہیں،مودی سے پگڑی بدل سکتے ہیں،جندال سے مل سکتے ہیں ۔
مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہاکہ جب تک یہ اپنی سیاست سے سے اینٹی سٹیٹ عنصر نہیں نکالیں گے انکا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اب یہ میاں نہیں لکھتے،یہ کشمیر کے ٹھیکیدار کدھر سے بن گئے ہیں ،عمران خان کو اللہ نے تاریخی کامیابی دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ایف آئی اے میں 1100نشستوں کیلئے 12لاکھ درخواستیں آئی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ افغان آرمی کے 46افسران اورجوانوں کو عزت کے ساتھ واپس کریں گے ،مضبوط محفوظ پاکستان آرمی کی قربانیوں سے موجود ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان کے خلاف انڈیا اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کر رکھی ہے ،سات سالوں میں جعلی کارڈبنے،ان پیسے لیکرکارڈبنانے والوں کو نکالیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نورمقدم کیس میں ملزم کا باپ کو پکڑلیا،ملزم کانام ایک سی ایل میں ڈالنے کے لئے سمری اس ہفتہ کابینہ کو چلی جائے گی،انکو کوئی رعائیت نہیں دی جائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ خواہش ہے کہ چین کے نظام کی یہاں پر کاپی ہو،قاتل اور کرپٹ کوموقع پر سزا ہو ۔ انہوںنے کہاکہ افغان پالیسی پر فیصلہ دفتر خارجہ نے کرنا ہے،معاملات ٹھیک ہیں کوئی چیلنج نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ افغان آرمی کے افسران اور جوانوں کی مہمانداری کی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شورش کاشمیری،عطاء اللہ بخاری سے بڑے کس کے جلسے تھے،ووٹ دینے کی الگ سوچ ہے،مریم پہلی دفعہ کشمیر گئی تھی،خاندانی سطح پر ووٹوں کا فیصلہ تھا،جلسوں سے ووٹ کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا ۔
ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان بھی کشتی رانی،گھڑسواری کا پوچھا،میں زمینی وزیرداخلہ ہوں،خلائی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کے خلاف 14اگست کے بعد جہاد کرنے جا رہا ہوں ۔
انہوں نے کہاکہ سیاچن گلیشئر بھی جا رہا ہوں،وہاں فوجیوں کے ساتھ چائے پیئوں گا،پاکستانی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے،نواز شریف بدقسمت ہے جس فوج نے اسے اپنی نرسری سے نکالا،اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے ،ساری زندگی لگا رہے یہ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکیں گے،قانونی اور عدالتی معاملات کا کچھ نہیں کہہ سکتا۔