کراچی(لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں غیر ملکی امداد کے انحصار نے کمزور کر دیا ہے، خوشی ہوئی کہ ہم ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں آگے بڑھ رہے ہیں, ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے,ہماری کوششوں سے ملک کا ریکارڈ خسارہ کم سے کم ہو گیا ہے۔
منگل کو وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے موقع پر شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر ملکی امداد کے انحصار نے کمزور کر دیا ہے،بیساکھیوں پر چلنے والا اعتماد کھو دیتا ہے اس لیے ہمیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہونا چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ بڑا ہوا ہوں، ہم جس طرح ترقی کر رہے تھے اس پوٹینشل کے ساتھ ترقی نہیں کر سکے،
ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا، ہمیں اس بات کا افسوس ہے،ہم اپنے عقلمند لوگوں کو استعمال کرنے کی بجائے امپورٹس اکانومی بن گئے، امداد پر اعتماد کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھیوں پر چلنے والا انسان کمزور ہو جاتا ہے، انسانی جتنی مزاحمت کرتا ہے اتنا ہی طاقتور ہوتا ہے، استعمال نہ ہونے والی چیزیں ناکارہ ہو جاتی ہیں، جو قوم اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کا فیصلہ کرلے تو اللہ بھی ان کی مدد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اپنے ملک کا پیسہ بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلے گی وہ عظیم بن جائے گی، اللہ کے کرم سے پاکستان صحیح راستے پر چل رہا ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم سے کم ہو گیا ہے، اکانومی تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے تو کرنٹ اکائونٹ خسارے پر دبائو بڑھ رہا ہے،
ہم شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے ڈالر کما سکتے ہیں، ہم نے ایکسپورٹ کو پروموٹ کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی بینکوں کے ذریعے پاکستان پیسے بھیجیں، ہم منی لانڈرنگ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔