ہمایوں اختر خان

پر امن افغانستان پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملکوں کے بہترین مفاد میں ہے ،ہمایوں اختر خان

لاہور(لاہورنامہ )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پر امن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے اس لئے پاکستان کی افغانستان میں دیرپا استحکام کی پالیسی ہے.

افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کے حوالے سے طالبان کابیان قابل ستائش ہے ،افغانستان میں مختصر عرصے کے دوران صورتحال تیزی سے تبدیل ہوئی ہے اور اسی تناظر میں پاکستان کی حکومت اورقومی سلامتی کے ادارے ایک پیج پر اور ہر لمحے چوکنا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھار ت نے خطے میں امن کیلئے کوئی کردارادا نہیں کیا بلکہ اس کی منفی سر گرمیوں کی وجہ سے حالات میں بگاڑکی صورتحال رہی۔بھارت ریاستی دہشتگردی کا سب سے بڑا حامی ہے جو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی منصوبہ بندی ، فروغ اور مالی اعانت کر رہا ہے اور پوری دنیا اس سے اچھی طرح آگاہ ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ وزیرا عظم عمران خان نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر بروقت اور دورس نتائج کے حامل فیصلے کئے ہیں،افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ہمارے تمام دوست ممالک سے قریبی رابطے ہیں اورکوئی بھی فیصلہ انتہائی سوچ بچار اور مشاورت سے ہی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج خطہ غیر معمولی صورتحال کا شکار ہے لیکن خدا کی ذات کا شکرہے کہ پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں جرات مند ، نڈراوربیباک قیادت میسر ہے جس نے کسی بھی موقع پر پاکستان کے مفاد کوپس پشت ڈالنے کی بجائے اسے اورلین ترجیح دیتے ہوئے مقدم رکھا ہے اور انشا اللہ مستقبل میں بھی پاکستان اسی پالیسی پر گامزن رہے گا۔