مسرت جمشید چیمہ

حکومت نے جیلوں کو اصلاح کے مراکزبنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں،مسرت جمشید چیمہ

لاہور/راولپنڈی (لاہورنامہ)،پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جیلوں کو اصلاح کے مراکزبنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ،

قیدیوں کو معیاری خوراک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے جیلوں کیلئے مختص سالانہ بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی تنظیم ویمن ایڈ ٹرسٹ کی جانب سے اڈیالہ جیل میں خواتین کے وارڈز میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ ،ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگرافسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر قیدی خواتین اور بچوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ کو قیدی خواتین اور ان کے بچوںکو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔

مسرت جمشید چیمہ نے ویمن ایڈ ٹرسٹ کی جانب سے پورے پاکستان کی جیلوںمیں خواتین قیدیوں او ران کے بچوں کی فلاہ و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے طور پر جیلوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کاوشیں کر رہی ہے ، جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی تعداد کے پیش نظر نئی جیلیں تعمیر کی جارہی ہیں جو تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ بہت سے قیدی ایسے ہیں جو اپنی سزاپوری کر چکے ہیں لیکن اپنے اوپر عائد جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے وہ جیلوں سے رہائی نہیں پا سکتے،اس طرح کے قیدیوں کی رہائی کیلئے سماجی تنظیموں اورصاحب ثروت شخصیات کو اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔