شہباز شریف

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے (ن)لیگ کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے ،شہباز شریف

اسلام آ باد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ملک بھر سے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے ،

خاص طور پر پنجاب سے انتخابی نتائج پارٹی کی پنجاب میں عوامی خدمت کی تائید ہے ،اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور نوافل ادا کریں، سجدہ شکر بجا لائیں۔ انہوں نے کہا ان شائ اللہ، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے بننے والے مومنیٹم کو نئی قوت سے مہمیز دیں گے،انتخابی نتائج ثبوت ہیں کہ عوام مسلم لیگ (ن) کو چاہتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈا اور پر عملدرآمد کرنے والی ٹیم اور جذبہ چاہتے ہیں ،

عوام نے ووٹ کی طاقت سے نالائقوں کی بدترین کارکردگی کو مسترد کیا ہے ،مہنگائی میں پسے عوام نے تین سال میں بے روزگاری اور معاشی تباہی کے مجرموں کو مسترد کیا ہے ،پاکستان تحریک ِ انصاف بد ترین سیاسی انتقام کے باوجود عوام کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔ انہوں نے کہا پنجاب کی عوام نے ووٹ کی طاقت سے اُن سے پنجاب کی ترقی چھیننے والوں کو مسترد کیا ہے ،

پورے پاکستان بالخصوص پنجاب بھر کے پارٹی قائدین، عہدیداران، کارکنوں اور ٹیم پی ایم ایل این کو شاباش، خراج تحسین اور مبارک دیتا ہوں،جس جذبے، محنت اور نظریاتی وابستگی سے پوری پارٹی نے مل کر کام کیا، وہ قابل فخر، مثالی اور لائق تحسین ہے ،

اس کامیابی کو عوام کی خدمت کی مثال بنائیں گے، عوام نے ہم پر اعتماد کیا، ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ان شائاللہ،جہاں ہمیں ذمہ داری ملی ہے، وہاں عوامی مسائل کے حل اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔