اسلام آباد (لاہورنامہ)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ملک میں ایسا کوئی وزیر نہیں جو کرپٹ نہ ہو،عوام خود دیکھ لیں کون کرپٹ ہے اور کون نہیں،قانون بنایا جائے جو آئین توڑے اس پر آرٹیکل چھ لگایا جائے،
نہ کوئی ٹیم آئے گی، نہ سڑکیں بند ہونگی لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے، پراسیکیوٹر کے طور پر نہ چل سکے تو فیصل چوہدری کو اسپیشل پراسیکیوٹر بنا دیا، فیصل چوہدری کو نیب چیئرمین بنا کر سارا معاملہ ختم کر دیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن پہلے دیکھے گی پھر کوئی فیصلہ کرے گی۔
منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر مرزا عثمان مسعود اور نیب گواہ سید عاصم علی ترمذی عدالت میں پیش ہوئے۔ سید عاصم علی ترمذی پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس جی پی ایل کراچی کا بیان قلمبند کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دی گئی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کا مسئلہ ہی حل کر دیا،اب نہ کوئی ٹیم آئے گی، نہ سڑکیں بند ہونگی، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن پہلے دیکھے گی پھر کوئی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے کیس چلے ہیں گیس کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں الیکشن چوری کوروکنے کا لکھا جائے،نام نہاد الیکشن اصلاحات کو پارلیمنٹ کمیٹی میں لائیں۔