اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پرردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب وہ معاشرہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا جہاں آئین اور قانون کی بالادستی نہیں ہوتی ،
وہ معاشرہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا جہاں پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی ہو اور آئین کو ردی کا ٹکرا سمجھا جائے ،وہ معاشرہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا جہاں ملک کا وزیراعظم فیک نیوز کی انڈسڑی چلاتا ہو اور اپنے مافیا کی خود سرپرستی کرتا ہو ۔ انہوں نے کہاکہ بد قسمتی یہ ہے کہ ہر طبقے سے آپ نے نوکریاں چھین لیں اور پچاس لاکھ لوگ بے روزگار کر دئیے ،
عمران صاحب تین سال بعد جب لوگ پچاس لاکھ گھر مانگ رہے ہیں تو بنکوں کی ٹریننگ یاد آ گئی ،عمران صاحب حکومت میں آنے کے لئے آپ نے قوم کو فیک منصوبوں کا چورن بیچا ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز نہیں بلکہ عمران صاحب اب آپ کی سیاست اور حکومت نواز شریف کے نواسے کے خلاف فیک نیوز کی مرہون منت ہے،عمران صاحب آج کی تقریر میں پینڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے وزراء کا استعفیٰ قوم کو دیتے۔
انہوں نے کہاکہ آج اپنی نیازی لمیٹڈ آف شور کمپنی، وزرا اور اے ٹی ایمز کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات سے آغاز کرتے،جس بھی وزیر اور اے ٹی ایم کی تحقیقات کرائیں گے، کھرا نیازی سروسز لمیٹڈ اور عمران صاحب کی طرف ہی جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنے تمام اے ٹی ایمز سے استعفیٰ لیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو،عمران صاحب آج اپنے اے ٹی ایمز کے خلاف سپریم کورٹ کو درخواست کا اعلان کرتے۔
انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آج کی تقریر میں ایف آئی اے اور نیب کو تحقیقات اور گرفتاری کا حکم دیتے،عمران صاحب اپنے وزراء اور اے ٹی ایمز کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کرتے ،عمران صاحب فوراً ایف آئی اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے ذریعے نیشنل کرائم ایجنسی کو تحقیقات کے لئے خط لکھیں۔