لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت ایک نہیں چار ،چار وزیراعلیٰ ہیں،عثمان بزدار کو صرف اپنے رشتے داروں اور فرنٹ مینوں کو ہی نوازنا آتا ہے.
پنجاب کے عوام کیلئے وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک بھی فیصلہ نہیں ہوتا،وزیراعلیٰ ہائوس میں صرف تونسہ اور میانوالی کے منصوبوں کیلئے اجلاس ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہائوس کو ہائوس آف تونسہ ڈیکلیئر قرار دے دینا چاہیے، تین سالوں میں لاہور میں صرف فردوس مارکیٹ انڈر پاس تعمیر ہوا وہ بھی تاحال نامکمل ہے،تونسہ اور میانوالی کے سالانہ فنڈز مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ہی خرچ کردئیے جاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بزدار صاحب پنجاب میں کونسی ترقی ہورہی ہے جس سے ہم حسد کریں گے ،پنجاب میں روزانہ خودکشیاں ،قتل اور ذیادتی کے واقعات بڑے ہیں۔عثمان بزدار صرف پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو بریک لگانے آئے ہیں،جو وزیراعلیٰ وفاق سے صوبے کا حق نہیں لے سکتا وہ ڈیلیور خاک کرے گا،پنجاب میں مہنگائی،غربت اور بیروزگاری اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے جتنی محنت کے ساتھ پنجاب کو خوشحال اور پر امن صوبہ بنایا عثمان بزدار نے اتنی ہی محنت سے پنجاب کو بدحال اور تباہ حال صوبہ بنادیا ہے،عثمان بزدار وزیراعلیٰ کم چابی والے کھلونے زیادہ ہیں۔