شوکت ترین

آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، شوکت ترین

اسلام آباد(لاہورنامہ)مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں،معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا،ہمارا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر نہیں ہو گی.

مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں،مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ،اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کیلئے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے اور آئینی ترمیم کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہاکہ وسیع تر اصلاحات پر مشتمل یہ نظام تجارتی سرگرمیاں بڑھائے گا،تجارتی سرگرمیوں کا جی ڈی پی اور گروتھ سے براہ راست تعلق ہوتا ہے،پاکستان سنگل ونڈو گورننس اور تجارتی سرگرمیوں کا آسان ترین نظام ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے،گذشتہ 2 سالوں میں عالمی تجارت بری طرح متاثر ہوئی، پیداواری لاگت اور شپنگ کے اخراجات بہت زیادہ بڑھے،پاکستانی تاجروں کیلئے تجارتی مواقع بھی پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ کاروباری لاگت اور وقت کی بچت سے برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے،پاکستان تجارتی مرکز اور ٹرانزٹ کے منصوبے پر کوشاں ہے،وسطی ایشیاء اور دیگر خطوں کے درمیان تجارت بڑھانے کے اقدامات کئے گئے ہیں،نئے نظام سے جعل سازی اور کرپشن کا موثر طور پر خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مالیاتی معاون ادارے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، آئی ایم ایف کو یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے، ایف بی آر اور نیشنل بینک کے بعد مزید سائبر حملوں کا خدشہ ہے۔ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں۔