لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے سن لیں پاکستان اور عمران خان انشااللہ ساتھ ساتھ چلیں گے لیکن کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے .
مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے ادوار میں عوام اور ملک کیلئے سوچنے کی بجائے اپنے اور اپنے حواریوں کے بارے میں سوچا اور ان کے ذاتی کاروبار دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے ،این اے 133میں اپوزیشن کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو کرپشن کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑنا پھینکنا ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور مافیاز کو بے نقاب کرنے کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے ہیں ، ملک میں پنجے گاڑھنے والے یہ عناصر مزاحمت کررہے ہیںلیکن انہیں بالآخر قانون کے دائرے میں لا یا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ، سازشیں کرنے والے ہمیشہ کی طرح نا مراد ہی رہیںگے اور پاکستان مراد پائے گا ۔وزیر اعظم عمران خان بے خوف لیڈر ہیں اور انہوںنے ہر کڑے وقت میں اپنے فیصلوں سے ثابت بھی کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنما اورکارکنان مشکلات کے باوجود حکومت کے بہترین اقدامات کو عوام کے سامنے لائیں،این اے 133میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جارہی ہے جو پارٹی کے اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔