حسان خاور

کرپشن کےتمام مگر مچھ پی ڈی ایم کی چھتری تلے جمع ہیں،حسان خاور

لاہور (لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں، کرپٹ ٹولے کی پناہ گاہ بن چکی ہے، کرپشن کے مگر مچھ پی ڈی ایم کی چھتری تلے جمع ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے چلے ہوئے کارتوس ہر محاذ پر ناکام ہو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان، شہبازشریف اور بلاول قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے، یہ تینوں سیاست دان ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں ،عوام انہیں 2018 کے عام انتخابات میں مسترد کر چکی ہے، قوم ملک کو لوٹنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، پی ڈی ایم کے پاس اب بیچنے کیلئے کوئی منجن باقی نہیں، اس ٹولے کی حالت قابل رحم ہے۔حسان خاور نے مزید کہا کہ بند گلی میں پھنسی ہوئی اپوزیشن کو اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی، یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا، رسوائی اور شرمندگی ان کا مقدر ہے اور رہے گی۔