خورشید شاہ

پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان دوریاں ختم ہورہی ہیں،خورشید شاہ

سکھر (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان آہستہ آہستہ دوریاں ختم ہورہی ہیں، مشترکہ حکومت بنانے سے متعلق کو ئی بات نہیں ہوئی نہ میرے لیے وزارت عظمیٰ کا فیصلہ ہوا .

میرے وزیر اعظم بننے سے کوئی پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑے گا،ہم چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں،پارلیمنٹ طاقتور ہوگی تو سارے ادارے مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ہمارا مقصد ایک ہے، عمران خان حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، اس حکومت کو چلنے نہیں دیں گے.

ن لیگ میں دو دھڑے نہیں ہیں، مریم نواز اور شہباز شریف میں کوئی اختلاف نظر نہیں آتا ہے، لانگ مارچ ہو یا کوئی احتجاج آگے چل کر سب پر بات ہوگی انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت کئی لوگوں سے بات چیت ہوئی ہے اور اس بات چیت کے بہتر نتائج نکل آئیں گے،عمران خان نے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل دیکھنے کا کہا میں کہتا ہوں وہ ایسا اعلان نہ کیا کریں۔

صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ کیا ان ہائو س تبدیلی پر اپوزیشن کو راضی کر رہے ہیں؟ جس پر خورشید شاہ سوال ٹال گئے اور جواب میں کہا۔کچھ ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو بتائی نہیں جاتیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر ہے۔اب ہر چیز بہتر ہوتی جائے گی،غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی، اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا کریڈٹ میرا نہیں سب کا ہے۔لانگ مارچ بہت دور ہے، اللہ کرے گا پہلے ہی کام ہوجائے گا۔