شاہ محمو د

ابترمعیشت اورتباہ حال قومی ادارے ورثے میں ملے،شاہ محمو دقریشی

ملتان ۔:وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ گزشتہ حکومت نے ذاتی مفاد کے لئے قومی اداروں کو تباہ کیا،موجودہ حکومت کو ابترمعیشت اورتباہ حال قومی ادارے ورثے میں ملے جن کی بہتری کیلئے کام جاری ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ شب ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرملتان سے شارجہ کیلئے پی آئی اے کی پہلی پرواز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔پی آئی اے کی اس پروازکے ذریعے 162مسافرشارجہ جائیں گے یہ پرواز،ہفتے میں دوروز بدھ اورجمعہ کوروانہ ہواکرے گی ۔
یہ پروازملتان سے شارجہ کیلئے پہلی مرتبہ شروع ہوئی ہے۔وزیرخارجہ نے مزید کہاکہ سابق حکومت 1300ارب روپے کے گردشی قرضے چھوڑکرگئی ۔ہم نے عالمی مالیاتی ادارے کے بغیر ہی معیشت کو مستحکم کیااوراب ان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم پی آئی اے کو اس کی اصل شناخت واپس دلائیں گے ،پی آئی اے قومی ادارہ ہے اورملک کی پہچان ہے ۔انہوں نے کہاکہ عرب امارات ایئرلائنز کی بنیاد بھی پی آئی اے کے انجینئرز نے رکھی تھی ۔
گزشتہ حکومت نے پی آئی اے کوفروخت کرنے کافیصلہ کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے پی آئی اے ملازمین کے حق میں آواز اٹھائی ۔ہم نے اداروں کو اپنے پاؤں پرکھڑاکرنے کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی ہے۔پی آئی اے گزشتہ کئی سال سے خسارے میں ہے اوراسے450ارب روپے خسارہ کاسامناہے۔ہم پی آئی اے کواس کی اصل شناخت دلائیں گے ۔پی آئی اے کے ساتھ ہماراجذبات کارشتہ ہے میں نے ہمیشہ قومی ایئر لائنز کے ساتھ سفرکرنے کوترجیح دی ۔
انہوں نے کہاکہ اس خطے کے محنت کشوں کی بڑی تعدادخلیج میں کام کررہی ہے۔پی آئی اے کی اس پرواز کے ذریعے انہیں آمدورفت کی سہولت میسرآئے گی ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ حکومت سیاحت کوفروغ دیناچاہتی ہے۔آئندہ پانچ برسوں کے دوران اتنے سیاح پاکستان آئیں گے کہ گزشتہ پچاس برس میں بھی نہیں آئے ہوں گے ۔اوراس کیلئے پی آئی اے اکو اپناکرداراداکرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ حج اورعمرے کے کوٹے میں بھی اضافہ ہواورہمیں اس میں کامیابی حاصل ہوگی۔وزیرخارجہ نے مزیدکہاکہ حکومت قومی وقار پرسمجھوتہ نہیں کررہی ۔وزیراعظم عمران خان نے بھارت کودلیرانہ انداز میں جواب دیا۔وزیراعظم نے واضح کیاکہ یہ نیاپاکستان ہے بھارت کسی بھول میں نہ رہے۔انہوں نے کہاکہ ملائیشیا سے مہاتیر محمد 23مارچ کوبہت سے سرمایہ کاروں کوپاکستان لائیں گے اوراس کے نتیجے میں معیشت مزیدبہترہوگی ۔