لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا – اجلاس میں سماجی بہبود کے شعبوں کی سہ ماہی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا -متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی – وزیراعلی نے بریفنگ کے دوران سماجی بہبود ، بیت المال ،چائلڈ پروٹیکشن بیورو،ویمن ڈویلپمنٹ ، زکوۃ و عشر ، انسانی حقوق و اقلیتی اموراوراوقاف ومذہبی امور کے محکموں کی کارکردگی سے متعلق استفسار کیا اور مختلف امور پر ہدایات جاری کیں-
اجلاس میں کم آمدن والے لوگوں کی مشکلات کے سدباب کے لئے زکوۃ گزارہ الاؤنس کی فوری تقسیم یقینی بنانے کے لئے ڈی سی کو اختیار دینے کا فیصلہ کیا گیا،جس کے تحت ڈپٹی کمشنراپنے متعلقہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ زکوۃ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی اضافی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوۃ مستحقین کی نشاندہی کے لئے قابل اعتماد ڈیٹا تیار کیا جائے اور زکوۃکی تقسیم کے طریقہ کار کو فول پروف بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں-اجلاس میں وضو کے پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے کے لئے داتا دربار میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کافیصلہ کیا گیااور بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ صوبے کے 30 مزاروں میں عطیات کی وصولی کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کے طو رپر کیش مشینیں نصب کی جائیں گی،جس کے ذریعے زائرین او رعقیدت مند کیش باکس کی بجائے مشین میں عطیات جمع کراسکیں گے -سیکرٹری اوقاف نے بتایاکہ محکمہ اوقاف ویب سائٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم افراد کے لئے آن لائن لنگر کی تقسیم اور مزاروں کی آن لائن ویڈیو شیئرنگ کا منصوبہ شروع کر رہاہے-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عطیات سے حاصل ہونے والی آمدن مزاروں پر خرچ کرنے کا قابل عمل فارمولہ وضع کیا جائے اورواگزار کرائی گئی اوقاف کی اراضی و املاک کا بہترین مصرف یقینی بنایا جائے-
محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی بریفنگ کے دوران محکمے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی – مینارٹی ایمپاور منٹ پیکیج کے لئے 10رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ، منسٹر اقلیتی امور کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے- اقلیتوں کے لئے سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے کا کوٹہ مخصوص کرنے کی تجویزپر غور کیا گیا-چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی سے متعلق بریفنگ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ہونہار طلبا کو دانش سکول میں داخل کرانے کی تجویزپیش کی گئی-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ 18سال کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو سے فارغ التحصیل بچوں کے لئے فیوچر پلاننگ کی جائے -اجلاس میں مزید بتایا گیاکہ لاہور میں 5پناہ گاہوں کی عمارتوں کی تعمیر کا عمل جلد مکمل ہو جائے گا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ چین کی طرز پر شیلٹر ہوم یا پناہ گاہ کے لئے بنے بنائے گھروں کے ماڈل پر بھی کام کیا جائے- محکمہ سوشل ویلفیئر کی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کے لئے کمیونٹی ویلفیئر سنٹر قائم کیا جائے گا جس میں خواجہ سراؤں کو فنی تعلیم ، میڈیکل ، قانونی مشاورت ، لائبریری او ردیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اضلاع میں دارالامان کو اپ گریڈ کر کے وی اے ڈبلیو سی مراکز بنانے اورویمن ہاسٹل ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا-
اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض، صوبائی وزیر زکواۃ و عشر شوکت علی لالیکا، صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم ،صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ،ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل،ایس ایم یو کے سربراہ فضیل آصف اور متعلقہ حکام نے شرکت کی -ایس ایم یو کے زیر اہتمام ہونے والی اس بریفنگ میں محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی غور کیا گیا-