اسلام آباد(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب الزام دوہرانے سے وہ سچ ثابت نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہاکہ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل آپ کو کرپشن کا انٹر نیشنل سرٹیفکیٹ دی چکی ہے،عمران صاحب ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے آپ کی حکومت کو چور قرار دیا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان کرپشن میں 111 سے 124 نمبر پر عمران صاحب آپ کی حکومت میں پہنچا ہے ،عوام کو کرپٹ ، چور ، مافیا ، کارٹلز کا غلام بنا دیا ہے ،
چینی میں چوری ، آٹے اور دوائی میں ڈاکہ اور الزام دوسروں پر عائد کررہے ہیں ،بجلی گیس رنگ روڈ اور کووڈ فنڈ میں کرپشن اور الزام دوسروں پر عائد کررہے ہیں ،عمران صاحب توشہ خانہ ست گھڑیوں اور زیورات چوری اور الزام دوسروں پہ،عمران صاحب 22 سال سے آپ الزام لگا رہے ہیں، 4 سال سے حکومت میں ہیں لیکن ایک الزام ثابت نہیں ہوا۔
ترجمان نے کہاکہ عدالتوں کے فیصلے عمران صاحب کو جھوٹا ثابت کر چکے ہیں ،عمران صاحب آپ شریف خاندان کے حسد میں مبتلا ہیں، کاش آپ نے یہ وقت قوم کی خدمت پر صرف کیا ہوتا ۔ ترجمان نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آپ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اور بھی الزامات لگائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گیس کا بحران ہے، معیشت تباہ ہے، بے روزگاری کا طوفان ہے لیکن آپ کوپرواہ نہیں۔