لاہور:گورنر پنجاب نے سرکاری جامعات کی جانب سے ان کے احکامات پر عمل درآمد میں پس و پیش اور نظرانداز کیے جانے کا سخت نوٹس لے لیاہے ۔ سرکاری یونیورسٹیوں کے نام اس ضمن میں گورنر پنجاب /چانسلر کی جانب سے مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ ان کے جاری کردہ احکامات اور فیصلوں پرچارہفتوں میں ہرصورت من ود عن عمل کیا جائے اور ان احکامات کو پس وپشت ڈالنے ، تاخیری حربوں کے استعمال اور من پسند توضیح سے گریز کیا جائے۔
مراسلے میں مزےد کہا گیا ہے کہ سرکاری جامعات کے بہت سے معاملات میں گورنر پنجاب چانسلر کی حثییت سے اپیلٹ فورم ہیں اور اپیلوں ،پٹیشنز ، دیگرنوعیت کی دراخستوں پر گورنر پنجاب مجاذ اتھارٹی کی حثییت سے فیصلے جاری کرتے ہیں لیکن یہ بات محسوس کی گئی ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں کی انتظامیہ بعض اوقات ان احکامات پر ان کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کرتی ہیں ۔
اس مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گورنرپنجاب/چانسلر کی جانب سے دیکھنے میں آیا ہے کہ ان کے احکامات کو یا تو نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا اس سلسلہ میں تاخیری حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے ہداےت جاری کی ہے کہ مستقبل میں ایسے احکامات پر چار ہفتوں میں پوری طرح عمل درآمد کر کے گورنر سیکرٹریٹ کو رپورٹ کیا جائے۔