عمان چیمبرز آف کامرس

عمان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ)عمان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔

جمعرات کو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،عمان میں پاکستان کے سفیر ایمبیسڈر، کے کے احسن وگن سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں شریک تھے ،وزیر خارجہ نے وفد کو وزارتِ خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلطنت عمان کے سلطان، عزت مآب ہیثم بن طارق السعید کی قیادت کو سراہا ،وزیر خارجہ نے انجینئر ریدھا جمعہ محمد علی الصالح، کو بطور چیئرمین OCCI، عمان تقرری پر مبارکباد دی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ تقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے برادرانہ تعلقات ہیں ۔انہوںنے کہاکہ عرب ممالک میں عمان نہ صرف جغرافیائی طور پر بلکہ ثقافت اور زبان کے لحاظ سے بھی پاکستان کے بہت قریب ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستانی قیادت کا وڑن معاشی تحفظ کے گرد مرکوز ہے.

پاکستان، جیو اکنامکس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزارتِ خارجہ، اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 220 ملین کی آبادی پر مشتمل، معیشت ہونے کے ناطے، پاکستان،بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کرنے اور منافع کمانے کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی 2001 میں سلطان قابوس کے دورہ پاکستان کے بعد قائم کی گئی تھی جو آج بھی پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعلقات کے بنیادی ستون کے طور پر کام کرتی ہے۔

وزیر خارجہ نے پاک عمان جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ گذشتہ روز جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف بن فلاح الحجراف کے ساتھ ہماری ملاقات بہت سود مند رہی جس میں ہم نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے، ایک مشترکہ ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے دونوں چیمبرز کے درمیان کاروباری شخصیات کے اجلاسوں کے انعقاد اور اومان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (OCCI) کی پاکستان میں تجارتی نمائشوں میں شرکت کی ضرورت پر زور دیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان قومی اور علاقائی ترقی کے لیے ایشیا کے سنگم پر اپنے جغرافیائی اقتصادی محل وقوع سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے،ہم پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، سیاحت اور تجارت کے فروغ کیلئے آن لائن ویزہ سمیت بہت سی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں پر امید ہوں کہ آپ کا یہ دورہ پاکستان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں انتہائی سود مند ثابت ہو گا۔