عظمی بخاری

سانحہ مری کے بعد عظمی بخاری کا وزیر اعلی پنجاب سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور (لاہورنامہ)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ۔

عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کمال حوصلہ اور بے شرمی ہے لاشیں اٹھانے کے بعد بھی حکومتی ترجمان ٹی وی پر نمبر ٹانگنے آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری سانحہ کے بعد عثمان بزدار کا ایک لمحے کیلئے عہدے پر رہنا ناقابل قبول ہے، عمران خان نے خود اعتراف کیا انتظامیہ تیار نہیں تھی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ ماڈل ٹاون کی لاشیں آپ لوگوں نے حکومت میں آنے سے پہلے استعمال کی، ہم تو چاہتے ہیں کہ ماڈل ٹاون کے مقتولین کو انصاف ملے، قوم کو بھی پتہ چلے لندن پلان میں دونوں سیاسی کزنز نے کیا طے کیا، ماڈل ٹاون واقعے میں نوازشریف، شہبازشریف سمیت درجنوں حکومتی لوگوں پر مقدمات درج ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ میں کلیئر ہوچکا ہے اس معاملے میں حکومت کا ہاتھ نہیں تھا، اگر آپکو انگلش پڑھنا نہیں آتی تو میں باقر نجفی رپورٹ کا اردو ترجمہ بھیج دیتی ہوں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ مری سانحہ کا مقدمہ عمران خان، عثمان بزدار اور شیخ رشید پر درج ہونا چاہیے، اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ہمیں عمران خان کی کسی انکوائری کمیٹی پر اعتماد نہیں۔

ن لیگ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان اور عثمان بزدار 23سیاحوں کے قاتل ہیں، ماڈل ٹاون واقعہ کا انقلابی عمران خان کا کزن خود کینیڈا فرار ہوچکا ہے، عمران خان نے اپنے اسی کزن کے ساتھ ملکر ڈی چوک میں کفن پوش انقلاب لانے کی کوشش کی، کفن پوش انقلاب تو نہیں آیا لیکن عمران خانس کا سونامی ملکی معیشت اور غریب کا چولہا لازمی بند کرگیا ہے۔