پوری قوم

پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح حکومت و افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور:ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا بھارت کو دو ٹوک جواب پاکستانی عوام کے جذبات کی حقیقی معنوں میں ترجمانی ہے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ہم بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں، بھارت ہوش کے ناخن لے ورنہ پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہے گا۔ جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون کو ہوا نہ دے ، حملہ کرنے کی جرات کی تو نام ونشان مِٹ جائےگا۔
انکا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے دل میں ہندوستان سے نفرت کے سوا کوئی جذبہ نہیں، بھارت نے کشمیر میں نفرت کا جو بیج بویا ہے وہ تنا وردرخت بن چکا ہے اور اب وہ اسے کاٹے۔ سردار دوست مزاری نے کہا کہ بھارت کو یہ ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ پاکستان میں نڈر اور بے باک قیادت کی حکومت ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ہم سے کوئی امن کی بات کرےگا تو ہم امن سے بات کریں گے اور اگر جنگ کی بات کرےگا تو ہم جنگ کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے اور خود بھارت شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کے سامنے اپنے آپ کوپُر امن ملک ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے جو کہ وہاں بسنے والے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق اور ظلم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کےلئے طاقت کے توازن کو خراب کر رہا ہے جبکہ پاکستان ایسی جھوٹی چودھراہٹ جو لاکھوں مسلمانوں کے خون بہا پر قائم ہو، کو نہیں مانتا اورپاکستان ہر سطح پر اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان برابری کی سطح پر جامع مذاکرات کےلئے ہر وقت تیار ہے، بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوںکے عین مطابق حل کرے۔