بلاول بھٹو

وزیر اعظم عمران خان اس صدی کا سب سے بڑا بحران ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(لاہورنامہ) قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کواس صدی کا بحران قرار دیتے ہوئے ان کی کمائی میں اضافے پر سوالات اٹھا دیئے .

بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب کے پاس ایسا کیا جادو ہے کہ اس کی کمائی میں اتنا اضافہ ہوا ، ایسا کیسا کام ہے کہ خان صاحب نے اپنے آپ کو امیر بنا دیا مگر ملک کو کنگال کر دیا اب یہ منافقت نہیں چلے گا،27فروری کو ہم کراچی سے نکلیں گے یہاں پہنچیں گے ان سے حساب لیں گے.

آئی ایم ایف ڈیل خوفناک ڈیل ہے جس کا بوجھ عام آدمی کو اٹھانا پڑے گا، اسٹیٹ بینک ترمیمی بل معیشت کی خودمختاری پر سب سے بڑا تاریخی حملہ ہے، پاکستان میں مہنگائی پورے خطے کے سارے ممالک سے زیادہ ہے، عوام کو پتہ ہے کہ تاریخی مہنگائی ہے اور اس کا ذمہ صرف اور صرف عمران خان نیازی ہے،وزیراعظم الیکشن مہم کے دوران ایسی باتیں کرتا تھا کہ امید تھی کہ وہ سائیکل پر دفتر پہنچے گا،خود تو ہیلی کاپٹر استعمال کرتا ہے.

عوام کو سائیکل پر چلا دیا، گاڑی مہنگی پیٹرول مہنگا،سائیکلز کو بھی مہنگا کر دیا ہے، شہباز شریف تو مفت لیپ ٹاپس بانٹتے تھے آپ تو لیپ ٹاپس پر ٹیکس میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں مالیاتی(ضمنی) بل2021پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس حکومت نے ایک قسم کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ہر دو تین مہینے بعد منی بجٹ پیش کرتے ہیں، یہ حکومت کنفیوزڈ ہے،کنفیوژن معیشت کی موت ہوتی ہے، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کا بوجھ عام آدمی اٹھائے گا.

آپ نے جو خود اکیلے فیصلے لئے اب عوام کو نظر آرہا ہے ہے کہ آپ کے فیصلے کے نتیجے میں کیا ہوتاہے، آپ کی ضد کی وجہ سے انا کی وجہ سے آپ نے اکیلے ایسے فیصلے لئے جو پاکستان کی معاشی خودمختاری پر سودا تھا،مہنگائی کی شرح کاریکارڈ آپ توڑ چکے ہو، جب عوام سے کہتے ہیں نیا پاکستان کا مطلب مہنگائی بے روزگاری اور غربت ہے تو ہم سچ کہہ رہے ہیں،

بلاول بھٹو نے کہا کہ زیرو ٹیکس بجٹ کا اعلان کیا گیا تھا، ٹیکس کا سونامی منی بجٹ میں لیکر آرہے ہو، اب عوام مشکل میں ہیں ہر طبقہ پریشان ہے،اگر ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی کی جائے گی تو مہنگائی بے روزگاری میں اضافہ ہوگا.