لاہور (لاہورنامہ) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے جنوبی پنجاب دورہ کو انتہائی اہم قرار دے دیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے جنوبی پنجاب کا طوفانی دورہ کیا ہے۔جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ دورہ کلیدی کردار کا حامل ہے۔سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا ہے۔سرار عثمان بزدار نے ترقیاتی کام برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ سردار عثمان بزدار منصوبوں کی شفافیت اور میعاد کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب بدل رہا ہے پنجاب بدل رہا ہے۔یہ وہ ترقی ہے جس کا وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے اہل جنوبی پنجاب سے وعدہ کیا تھا۔پہلی مرتبہ وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ جنوب کی عوام پہلی مرتبہ ترقی کے زینے چڑھ رہی ہے۔سردار عثمان بزدار نے اربوں روپے کے دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار نے اہل بہاولپور کو صحت کارڈ کا تحفہ بھی دیا ہے۔ایک طرف حکومت کی ترقی کا سفر ہے تو دوسری طرف اپوزیشن کی منفی سیاست، پراپیگنڈا اور سازشوں کی داستان ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ یہ اچھی اپوزیشن نہیں کرسکتے تو اچھی حکومت انکے بس کی بات کہاں ہے۔اپوزیشن جماعتوں میں دم خم ہوتا تو ملک کو تیس برسوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کر لیتے۔یہ کرپٹ سیاستدان صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔اپوزیشن ایک دوسرے کیساتھ مخلص نہیں,قوم سے کیا مخلص ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ انکو کوئی بیماری لاحق نہیں۔نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں سب باتیں مفروضوں اور دلی خواہش پر مبنی ہیں۔ثابت ہوگیا نواز شریف احتساب کے خوف سے لندن بیٹھے ہوئے ہیں۔نواز شریف وطن لوٹ آئیں،صحت کارڈ سے انکی چھوٹی موٹی بیماریوں کا بہترین علاج ہوسکتا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ ڈیل اور ڈھیل نہ ملنے سے نواز شریف کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔قوم نے سیسیلین مافیا کو مسترد کردیا ہے۔ہر گزرتا دن مافیا کے گرد احتساب کا شکنجہ مزید کس رہا ہے.