صحت

حکومت صحت کی سہولیات بہتر بنانے کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، مخدوم خسرو بختیار

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ سکیم بھی شروع کر رکھی ہے جس سے غریب اور نادار لوگوں کو مفت علاج میسر آ رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے 4 منصوبے پیش کیے گئے جس پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی دستیابی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔
اجلاس میں میں پہلا منصوبہ پاکستان انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز میں موجودہ سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لیے 200 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں دوسرا منصوبہ پمز ہسپتال میں خواتین ڈاکٹروں کی رہائش کے لیے 102 کمروں پر مشتمل ہاسٹل کی تعمیر کے لیے 222.062 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س نے منظور کر لیا۔
صحت سے متعلق تیسرا منصوبہ پمز ہسپتال میں ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کے لیے ایم آر آئی سامان کی خریداری کے لیے 316.733 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ اجلا س میں صحت سے متعلق چوتھا منصوبہ پمز ہسپتال کے زچہ و بچہ ہیلتھ کئیر سنٹر کی توسیع کے لیے 3886.567 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔