لاہور/راولپنڈی(لاہورنامہ)مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے .
جس کیلئے حکومت اور اپوزیشن سمیت سب کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا وگرنہ ہم عوام کی عدالت میں کبھی سرخرو نہیں ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ راولپنڈی کے رہنماؤں زبیر خان.چوہدری شہباز گوشی اورفیاض تبسم سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی،وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے،سابق وزیراعلیٰ پنجاب وسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،آج بھی ہمارا محور عام آدمی ہے.
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سینئر و نظریاتی کارکنان ہماری پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں،اسمبلی ہو یا کیبنٹ میٹنگ ہم نے ہمیشہ عام آدمی کی نمائندگی اور غریبوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے، حکومت چوہدری شجاعت حسین کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر عوامی مسائل حل کرسکتی ہے جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔