اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن کے بعد عمران خان نے تیل کی قیمتوں کو بھی رکارڈ سطح پر پہنچا دیا۔
انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے، پاکستان قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کردی ہے،سی این جی اسٹیشنز بھی تین ماہ سے بند ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں اشیائے خورد و نوش کے نرخ عوام کی پہنچ سے بالکل بھی باہر ہو جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ تو پہاڑ جتنا اور کمی چیونٹی جتنی بھی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں تیل کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے، لیکن کم ہونے پر کمی نہیں لائی جاتی۔ انہوں نے کہاکہ کم از کم اقتدار کے آخری دنوں میں تو عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ لگتا ہے عمران خان بھی حکومت کے خاتمے کے بعد معین قریشی کی طرح کبھی پاکستان لوٹ کر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت میں شامل اگر کسی کو پاکستانی عوام سے رتی برابر بھی ہمدردی ہے، تو خان صاحب کو سمجھائیں۔ انہوں نے کہاکہ 27 فروری سے شروع ہونے والا لانگ مارچ عوام کی جیبوں پر ڈالے گئے ہر ڈاکے کا حساب لے گا،کٹھ پتلی سرکس کے خاتمے کے دن آن پہنچے ہیں۔