آغا سراج درانی

قومی اسمبلی نے سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے پارلیمنٹ کی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک کی منظوری دیدی

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی نگرانی کے لئے پارلیمنٹ کی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک کی منظوری دے دی۔ جمعرات کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔
تحریک میں کہا گیا کہ یہ ایوان سپیکر قومی اسمبلی کو چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت سے 21 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار دیتا ہے جس میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے ارکان شامل ہوں۔ سپیکر کمیٹی کے ارکان کے ناموں میں ردو بدل بھی کر سکتے ہیں۔ کمیٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی نگرانی کا فریضہ انجام دے گی، اس کے علاوہ ان منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے بھی کام کرے گی۔
کمیٹی سی پیک کے منصوبوں میں بہتری کے لئے بھی سفارشات پیش کرے گی اور ان منصوبوں کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مقررہ مدت میں اپنی رپورٹس پیش کرے گی۔