حسان خاور

اپوزیشن کار کردگی کی بجائے سازشی سیاست پر یقین رکھتی ہے، حسان خاور

کراچی (لاہورنامہ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ آزاد میڈیا جمہوریت کا حسن ہے لیکن آزادی بھی حدود و قیود کی پابند ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے ہی میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے میں اصلاحات لانے کے لیے میڈیا کے کردار کو سراہتی ہے۔ انہوں نے کراچی میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز ( سی پی این ای)کے دفتر میں ”میٹ دی ایڈیٹرز” پروگرام اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سب سے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت مستقل مزاجی کی پالیسی پر گامزن ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ کورونا نے جہاں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا وہی بیشتر ترقیاتی ممالک بھی اس سے متاثر ہوئے تا ہم پاکستان نے موثر منصوبہ بندی کے باعث لوگوں کو بہت جلد مشکل حالات سے نکالا اور معیشت کو بحالی کے راستے پر گامزن کیا۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ عالمی اور قومی ریسرچ کے ادارے بھی معیشت کی بحالی کے حوالے سے مشکل مگر مؤثر فیصلوں پر حکومتی پالیسیوں کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں معیشت کی ترقی ناپنے کا پیمانہ جی ڈی پی کی شرح ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں معاشی پالیسیوں پر غلط بیانی سے کام لیا گیا ہے اور بالخصوص اپوزیشن نے غلط اعداد و شمار کا سہارا لے کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔انہوںنے کہا کہ عثمان بزدار کسی فوٹو شوٹ کے بغیر پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے پہلے وزیرا علیٰ ہیں ۔

حسان خاور نے مزید کہا کہ اپوزیشن کارکردگی پر نہیں بلکہ سازشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کراچی کے ساتھ سوتیلوں والا سلوک کیا جبکہ کراچی کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نا اہل حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیااور بلدیاتی نظام میں بھی کراچی والوں کے ساتھ زیادتی کی گئی ۔ حسان خاور نے کہا کہ اہل کراچی نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک سکڑ کر رہ گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی مزید سکڑ کر لاڑکانہ تک محدود ہو جائے گی ۔