لاہور (لاہورنامہ)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ سفید کوٹ ڈاکٹری شعبے کے تقدس اور احترام کا عکاس ہے.
ضرورت اس امر کی ہے کہ سفید کوٹ کو بے داغ رکھنے کے لئے ڈاکٹرز اپنی پیشہ وارانہ مہارت پر بھرپور توجہ کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا مثالی نمونہ بن کر مسیحائی کے تقدس کو سر بلند رکھیں اور اُس عظیم مشن کی تکمیل کے لئے سر گرم عمل رہیں جس کا انہوں نے شروع دن سے عہد کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے دسویں تعلیمی سیشن میں داخلہ لینے والے ایم بی بی ایس کے طلباو طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خصوصی سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر محمد طیب جبکہ پروفیسر آغا شبیر علی گیسٹ آف آنر تھے .
جنہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے طلبا و طالبات اور اُن کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سٹوڈنٹس محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دے کر اپنی مادر علمی کا نام روشن کرنے کے علاوہ اپنے والدین کا بھی فخر بنی ں گے اور ملک و قوم کے لئے نیک نامی کا باعث ہوں گے۔ اس موقع پر پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر محمد معین، پروفیسر منیزہ سعید، پروفیسر فاروق افضل، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلبا و طالبات کے والدین بھی شریک تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پی جی ایم آئی /اے ایم سی /ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور حالیہ برسوں میں خواہ ڈینگی کی وباء ہو یا کورونا کی آفت ان ڈاکٹرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سینکڑوں مریضوں کی جانیں بچائیں اور ہزاروں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات پہنچا کر اپنے ادارے کا نام روشن کیاجس سے وہ اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز اندرون و بیرون ممالک دنیا بھر کی یونیورسٹیز ، میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی پاکستان کا واحد ادارہ ہے جہاں گریجویٹ ڈاکٹرز کو اعلیٰ تعلیم دینے والے پیشہ وارانہ اور تجربہ کار پروفیسرز انڈر گریجویٹ ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی جی ایم ائی و امیر الدین میڈیکل کالج یک جان دو قالب ہیں اور یہ دونوں ادارے ایک دوسرے کی عزت افزائی کا باعث بنتے ہیں۔
پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ سفید اوور کوٹ زیب تن کر کے ملک کا نام روشن کرنے والے سپوتوں کے والدین بھی خوش نصیب ہیں جنہیں اپنے خوابوں کی تعبیر دیکھنے کا موقع ملتا ہے کیونکہ لاکھوں کی تعداد میں والدین اپنے بچوں کو اس پروفیشن میں بھیجنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ پرنسپل اے ایم سی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ بھی میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد گھر بیٹھنے اور گھر داری کی بجائے ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کے فرائض سر انجام دیں.