لاہور(لاہورنامہ) وائس چیئرپرسن او ورسیز پاکستانیز کمیشن پنجا ب ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پنجاب بھر کے کسی بھی موضع یا علاقہ کی زمین کا کمپیوٹرائزڈ دستاویزاتی ریکارڈ باآسانی او پی سی مال مرکز سے حاصل کر سکتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ہی چھت تلے تمام تر سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا میرا اولین مشن ہے۔ مال مرکز کا عملہ فرد کے بروقت اجراء،اراضی ریکارڈ تک رسائی اور دیگر ریونیو معاملات ومعلومات کی فراہمی کیلئے پوری طرح مستعد ہے۔
وائس چیئر پرسن ڈاکٹر شاہد محمود نے مال مرکز کی کارکردگی اور اوورسیز پاکستانیوں کو اراضی ریکارڈ تک رسائی ومعلومات جیسی اہم سہولیات فراہم کیے جانے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور ان کے تمام تر مسائل کو ترجیجی بنیاوں پر حل کرنے اور انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وائس چیئرپرسن او پی سی ڈاکٹر شاہد محمود نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو مختلف ٹائم زونز کی وجہ سے پیش آنے والی رکاوٹوں کے خاتمہ کیلئے 24/7 ہیلپ لائن 042-111-672-672 قائم کردی ہے جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی کسی بھی وقت اپنا مسئلہ یا شکایت درج کرواسکیں گے۔مزید برآں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی موبائل ایپ بھی تیار کی ہے جس کے ذریعے وہ سروسز تک بلاروک ٹوک رسائی حاصل کر سکیں گے۔