چودھری برادران

چودھری برادران سے چیئرمین سینیٹ کی وفد کے ہمراہ اہم ملاقات

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے، عوام نے حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے.

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کومسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی.

ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر محمدعبدالقادر، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد، شاہ ذل شامل جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔

صادق سنجرانی اور وفد کے ارکان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی،ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں جو سیاسی عمل کا حصہ ہیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہو گا، ہر جمہوری حکومت کا حق ہے اسے عوامی خدمت کیلئے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے.

الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں، موجودہ سیاسی صورتحال میں ملکی مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، ملک میں روز بروز بدلتی سیاسی آب و ہوا پر پوری نظر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی حالات پر گہری نظر ہے، امید ہے موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔