لاہور(لاہورنامہ)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ مارچ کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والا جشن بہاراں اس بار پہلے سے زیادہ بڑے سکیل پر منایا جا رہا ہے جس کی تیاریوں کے لیے پی ایچ اے کی ساری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام بڑی شاہراہوں کو روشنیوں سے سجایا جائے گا۔ جشن بہاراں کی تیاریوں میں حکومت کو نجی شعبے کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔
ترجمان حکومت پنجاب نے بتایا کہ ہم پورے ملک کی ثقافت کو جشن بہاراں میں نمائندگی دے رہے ہیں۔ میلے میں آنے والوں کو پورے پاکستان کی مجموعی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے جیلانی پارک میں جشن بہاراں کی تیاریوں کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ کا پورا مہینہ جشن بہاراں کے حوالے سے نت نئی اور منفرد تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں آرٹس اینڈ کرافٹ فیسٹیول، ایرومینیا شو، داستان گوئی، برڈ شو، خواتین کے حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب، بہار مشاعرہ، کبڈی ٹاکرہ، تصویری نمائش، باغ جناح میں صوفی نائٹ، لبرٹی چوک میں پرانی گاڑیوں کی نمائش اور پاکستان ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریب شامل ہیں۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد شور سے زیادہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی جڑیں کاٹنے والے اور ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والی تمام اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھا ہونے کے پیچھے صرف ملک دشمنی اور احتساب کا تنگ ہوتا شکنجہ نظر آنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحت انصاف کارڈ جیسے فقید المثال منصوبے ہی اپوزیشن کی نیندیں اڑانے کو کافی ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے جب تحریک عدم اعتماد کی باری آئے تو اپوزیشن کو لینے کے دینے پڑ جائیں۔ چوہدری برادران کی اپوزیشن جماعتوں سے حالیہ ملاقاتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں سے جو مطلب اپوزیشن نکال رہی ہے .
چوہدری برادران اسکی بارہا تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ جشن بہاراں کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کی دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔