اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس طرح3 نومبر کو جنرل مشرف نے ایمرجنسی لگائی تھی سب کچھ وہی ہو رہا ہے،عمران نیازی نے 3 اپریل 2022 کو اپنی کرسی بچانے کے لیے پاکستان کے آئین کو ذبح کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سویلین مارشل لاء نافذ کر دیا گیا،پاکستان کے آئین کو عمران نیازی اور اسکے ساتھیوں نے پامال کیا۔انہوں نے کہاکہ آئین ریاست کی بنیاد ہوتا ہے وہ شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے،آئین کو روندنے کے بعد ریاست کھوکھلی ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران نیازی بہانہ بنا رہا ہے ،فارن فنڈنگ کیس میں نیازی کی چوری پکڑی جا چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میں امریکہ کے اندر قوانین کی خلاف ورزی کر کے منی لانڈرنگ کی،عمران نیازی امریکہ میں دو تحقیقات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی ذرائع سے فنڈنگ کیس میں عمران نیازی انڈر انویسٹی گیشن ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کو عارف نقوی کی سزا میں بھی تحقیقات کا سامنا ہے۔
عمران نے غیر قانونی فنڈنگ سے فرار حاصل کرنے کے لیے امریکہ کے تعلقات کو دئوپر لگا دیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کو اتحادی چھوڑ جاتے ہیں تو اسے سازش نظر آنے لگتی ہے،دنیا میں خودمختاری کا مطلب مضبوط معیشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے چین کو سی پیک منصوبہ پر الزام لگا کے اسے ناراض کر دیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا اکنامک پارٹنر امریکہ ہے جو ایکسپورٹ پارٹنر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فارن فنڈنگ احتساب سے بچنے کیلئے امریکہ سے تعلقات خراب کروا دئیے ۔