ہمایوں اختر

اپوزیشن نے ترقی کرتے پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں، ہمایوں اختر

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہاہے کہ اپوزیشن نے ترقی کرتے پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر کے ہرگز ملک کی خدمت نہیں کی .

اپوزیشن کی میں نہ مانوں کی رٹ انہیں سیاسی طور پر کہیں کا نہیں چھوڑے گی،تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں ایک طاقت کے طو رپر ابھرے گی اور ان شااللہ پہلے سے زیادہ کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ٹکٹ اورعمران خان کے نام پر ووٹ لے کر آنے کے بعدمینڈیٹ تبدیل کرنے والوں کے پاس اس بے اصولی سیاست کاکوئی جواب ہے.

اگر ہم نے پاکستان کوآگے لے کر جانا ہے تو ہمیں چھانگا مانگا کی روایات کومضبوط کرنے کی بجائے انہیں منوں مٹی تلے دفن کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی ضداور انا ء کی وجہ سے ملک میں جس طرح کے حالات پیدا ہوئے ہیں کیا یہ پاکستان کے حق میں ہیں؟،بلکہ اس پرہمارے دشمن بغلیں بجا رہے ہیں۔

اپوزیشن حالات میں سدھار لانے کی بجائے اب بھی میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں جس کاانہیں سیاسی طو رپر خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ ہمایوں اخترخان نے مزیدکہاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سب کو اپنا انفرادی اوراجتماعی کردار اداکرناہوگا، ایسا نہیں ہوناچاہیے کہ تحریک انصاف بے پنا ہ چیلنجز کے باوجود بہتری کی جانب گامزن ہے تو سیاسی طور پر اس کے سامنے سپیڈبریکر کھڑے کئے جائیں ،یہ سوچ اوررویہ پاکستان کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے ۔