عظمیٰ بخاری

عمران خان کو ان کے اتحادیوں اور ان کے اپنے لوگوں نے نکالا ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور(لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹرمپ کارڈ جیب میں رہ گیا اور پی ٹی آئی ممبران نے استعفوں سے انکار کر دیا ،عمران خان کو ان کے اتحادیوں اور ان کے اپنے لوگوں نے نکالا ہے.

کیونکہ وہ نااہلی غرور و تکبر کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہتے،اب اگر ضدی بچہ باز نہ آیا تو تھپڑ مار کر بھگادیا جائے گا،مونس الٰہی کی طرف سے 15،15کروڑ روپے کی پیشکش کی جارہی ہے ،اگر کوئی مونس الٰہی کا فون نہیں سننا چاہتا تو ہم کیا کریں.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ہم ووٹنگ کیلئے ہر وقت تیار ہیں ، اراکین نے اکٹھے رہنے کا فیصلہ اس لئے کیا کہ ایک دوسرے کی طاقت بنیں،پرویز الٰہی کو کہنا چاہتی ہوں آپ کی پارلیمانی پارٹی بکھر چکی ہے ،ہم سے کسی نے ایک روپے کا تقاضہ نہیں کیا ،آپ کے لوگ حمزہ شہباز کو ووٹ دینا چاہتے ہیں ،16اپریل تک کہانی گئی تو 199سے زائد نمبرز ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہم لوگ رہ رہے ہیں کیا حبس بے جا میں ایسے لوگ رکھے جاتے ہیں ،لوگ اپنی مرضی سے انہیں چھوڑ کر جا رہے ہیں ،پرویز الٰہی اپنی غلط فہمی دور کر لیں فیملی کی طرح ہوٹل میں رہ رہے ہیں ،کسی بھی اتحادی کو وزارت دینے کیلئے کوئی مشاورت نہیں ہوئی،علیم خان نے کسی عہدے یا وزارت کی خواہش کا اظہار نہیں کیا لیکن پارٹی قیادت مل کر فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں باپ ،اے این پی اور آزاد اراکین بھی ہمارے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے عمران خان کو بھارت سے محبت ہوگئی ہے کیونکہ انہیں اب بھارت کی خارجہ پالیسی اچھی لگنے لگ گئی ہے، کل رات سے بھارتی میڈیا کی جانب سے ہمیں کالز کی جا رہی ہیں جس میں وہ عمران خان کے متعلق رائے لینا چاہتے ہیں، ہم گندے کپڑے چوک میں جاکر نہیں دھونا چاہتے۔