شہباز شریف

نومنتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا پاک چین دوستی کی حمایت کا عزم

اسلام آباد (لاہورنامہ)نو منتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور ( سی پیک ) پر عمل درآمد کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ہمارا مضبوط سماجی و اقتصادی شراکت دار رہے گا .

ہم سدا بہار چین پاک دوستی کی حمایت جاری رکھیں گے، بیجنگ نے ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان میں چاہے کوئی بھی حکومت آئے یہ دوستی بڑھے گی۔

چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور ( سی پیک ) پر عمل درآمد کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہمارا مضبوط سماجی و اقتصادی شراکت دار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میگا پراجیکٹ کو پاکستان میں تیزی سے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت پاکستان کو سرمایہ کاروں کے لیے ”سرمایہ کاری کی جنت” بنانے کے لیے اقدامات کرے گی کیونکہ ان کا سرمایہ ملک کو آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکی سمیت تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کو مشکل وقت کا سامنا ہے ہم افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے آواز اٹھائیں گے۔