بو آو ایشیائی فورم

چینی صدر بو آو ایشیائی فورم کے سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے

بیجنگ (لاہورنامہ) چینی صدر شی جن پھنگ جمعرات کے روز بوآو ایشیائی فورم 2022کے سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کریں گے.

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ ،منگولیا کے صدر اوکھناگین کھوریل سکھ ، نیپالی صدر بدھیا دیوی بھنڈاری، فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرٹے، قازقستان کے وزیر اعظم آلیہان سمئیلوف، لاؤ س کے وزیر اعظم پھنکھام وپھاون، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی صدر کرسٹلینا جیورجیوا سمیت دیگر غیر ملکی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان ویڈیو لنک کے ذریعے فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے بدھ کے روز یومیہ نیوز بریفنگ کے دوران بو آو ایشیائی فورم کے رواں سال کے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ موجودہ اجلاس بیس سے بائیس اپریل تک آن لائن اور آف لائن منعقد ہو گا ۔ چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ اکیس تاریخ کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی صورتحال میں زبردست تبدیلیاں آ رہی ہیں ۔

عالمی وبا بدستور پھیل رہی ہے ، جغرافیائی سیاسی انتشار اب بھی جاری ہے، اور مختلف ممالک کی اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کو مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں، رواں سال کے سالانہ اجلاس کا موضوع” وبا اور دنیا: مشترکہ طور پر عالمی ترقی کا فروغ اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر” کے طور پر طے کیا گیا، جو کہ عالمی برادری کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ اس وبا پر جلد سے جلد قابو پا لیا جائے، اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جائے ، یکجہتی اور تعاون کو برقرار رکھا جائے اور عالمی گورننس کو بہتر بنایا جائے ۔