نئی دہلی:بھارتی کرکٹ بورڈنے عالمی کرکٹ میں پاکستان کو تنہائی کا شکار کرنے کے سپنے دیکھنا شروع کردیئے ہیں جن کی خواہش ہے کہ کرکٹ کی عالمی برادری دہشت گردی کی بنیاد پر اسی طرح پاکستان کو الگ تھلگ کردے جیسے کسی وقت جنوبی افریقہ کو نسلی تعصب کی پالیسی کے باعث عالمی کرکٹ سے جدا کردیا گیا تھا۔
بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے کا کہنا تھا کہ انہیں کیا ضرورت پڑی ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیل کر اپنے پاوں پر کلہاڑی ماریں بلکہ ان کی کوشش یہ ہوگی کہ اسے ایونٹ سے خارج کرنے کے ساتھ ہی کرکٹ کی برادری سے بھی باہر نکال دیا جائے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری اس حوالے سے آئی سی سی کو خط لکھ چکے ہیں اور ونود رائے کا خیال ہے کہ انہوں نے اس میں اپنا جو نکتہ نظر بیان کیا ہے اس کے تحت پاکستان کو دہشت گردی کی بنیاد پر تنہا کیا جا سکتا ہے جس کے بارے میں بھارتی حکومت کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اپنے ملک کی نمائندگی کرتی ہے اور موجودہ سیٹ اپ دہشت گردی کے ایشو پر مضبوط انداز سے سوچتا ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کو ویزے نہ دینے پر بھارت سے میزبانی چھین لینے کے حالیہ واقعے پر بی سی سی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت سے قدم بڑھائیں گے کیونکہ پاکستان کو نکال دینا ایک روز کا کام نہیں ہے۔