ورلڈکپ

ورلڈ کپ میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے، فخر زمان

کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخرزمان نے کہاہے کہ ورلڈکپ میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے جب کہ چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کی کوشش کروں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں اوپنگ بلے باز کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی لیکن میں نے پوری کوشش کی،کرکٹ میں ایسا ہوجاتا ہے، جو گزرگیا اس کو سوچنے کی ضرورت نہیں آگے کی طرف دیکھ رہا ہوں۔

انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے، کوشش کروں گا کہ چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہراوں، پی ایس ایل میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع ہے،کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس بہتر ہوگی، اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کیخلاف میچز میں بھی اعلی معیار کی کرکٹ سے تیاریوں میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی شمولیت سے لاہور قلندرز کیلئے تقویت کا باعث ہے، پورا سکواڈ ان کے تجربے کا فائدہ اٹھارہا ہے۔فخرزمان نے کہا کہ محمد حفیظ کی خدمات سے محروم ہونا ٹیم کیلیے ایک بڑا نقصان ہے لیکن پروفیشنل کھلاڑی ہونے کے ناطے ہمیں اس طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار رہنا پڑتا ہے۔ اوپنر سے سوال کیا گیا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ کی بیٹنگ میں کچھ خامیاں ہیں جن کا حریف اب فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔جواب میں فخرزمان نے کہا کہ وہ مجھے بتائیں، ان میں بہتری لانے کیلیے کام کرلوں گا۔ کسی نے ابھی بتایا نہیں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی تک توکسی نے اس بارے میں بات نہیں کی۔