لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشیداقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بعد دیگر کئی ممالک پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے ،حکومت سی پیک کے تحت نئے صنعتی زونزکے قیام کے ساتھ پہلے سے موجودزونزکوبھی فعال کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس سے ہزاروں کی تعدادمیں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے صنعتکاروں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتوں کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس تناظر میں کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں فراہم کی گئی ہیں۔ ترمیمی فنانس بل میں سرماریہ کاروں اورنئی صنعتیں لگانے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور انہیں مختلف مدوں میں چھوٹ دی گئی ہے۔ حکومت مینو فیکچررز کو سستی توانائی کے فراہمی کیلئے کوشاں ہے جس سے ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے ہمیں ویلیو ایڈڈ مصنوعات بنانا ہوں گی ۔موجودہ حکومت معیشت کی ترقی میں حصہ ڈالنے والے تمام شعبوں کو ہر طرح سے سہولیات دے رہی ہے جس سے ہماری معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے صنعتی زونز کے قیام سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے جدید ہنر مند فورس کی تیاری پر بھی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اوراس حوالے سے جلد ایک پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔