ثاقب نثار

چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی،پرویز رشید

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سابق وزیرسینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی،انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں،اگر شریف خاندان کو ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے تو حکومت دوسرے فریق کا نام بتائے،پرویز مشرف کے باہر جانے پر مخالفین کی زبانیں بند کیوں ہو جاتی ہیں، نواز شریف مشرف نہیں ،یہیں رہیں گے اور سیاست کریں گے۔

پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا کہ ڈان لیکس پر تنازع کھڑا کیا گیا، جسے روز پنکھے سے ہوا بھی چوہدری نثار نے دی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور چوہدری نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی۔نواز شریف کی ضمانت سے متعلق پرویز رشید نے کہا کہ انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، سزا معطل ہونے کی صورت میں علاج کے لئے باہر جانے کا فیصلہ میاں صاحب خود کریں گے۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر شریف خاندان کو ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے تو حکومت دوسرے فریق کا نام بتائے، دراصل شکوک و شبہات پیدا کرنے کیلئے مخالفین ایسے سوالات اٹھا رہے ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ پرویز مشرف کے باہر جانے پر مخالفین کی زبانیں بند کیوں ہو جاتی ہیں، نواز شریف مشرف نہیں ہیں، وہ اس دھرتی کے بیٹے ہیں یہیں رہیں گے اور سیاست کریں گے۔