لاہور(لاہورنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں سی ٹی آئی گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت نہیں دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف نے آج سیالکوٹ میں سی ٹی آئی گراؤنڈ پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم مسیحی برادری کے تحفظات کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو اس گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے انکار کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے سی ٹی آئی گراؤنڈ پر جلسے کی تیاریاں جاری تھیں کہ اسی اثناء میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شیلنگ کی اور جلسہ گاہ سے سامان ہٹا دیا۔
اس حوالے سے لاہور میں ایف آئی اے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے پر اقلیتی برادری کو اعتراض ہے، سی ٹی آئی گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے تحریک انصاف کو پیشکش کی کہ پی ٹی آئی سیالکوٹ میں کسی اور مناسب جگہ پر جلسہ کرلے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی سی ٹی آئی گراؤنڈ پر جلسہ کرنا چاہتی ہے جس پر مسیحی برادری کو تحفظات ہیں، سیالکوٹ میں بہت سے دوسرے گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کو پیشکش کرتے ہیں کہ وہاں جلسہ کر لے۔